پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ بلے باز بابر اعظم کو آسٹریلوی فرنچائز سڈنی سکسرز نے بگ بیش لیگ (BBL) سیزن 15 کے لیے سائن کر لیا ہے۔
بابر اعظم نے معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "سڈنی سکسرز جیسی کامیاب ٹیم کا حصہ بننا میرے لیے اعزاز ہے۔ بی بی ایل میں اپنے ڈیبیو کا شدت سے منتظر ہوں، اور مجھے خوشی ہے کہ میں اسٹیو اسمتھ اور جوش ہیزل وُڈ جیسے عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کروں گا۔”
سڈنی سکسرز کی جنرل منیجر ریچل ہائنز نے بابر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ: "بابر اعظم ایک عالمی معیار کے بیٹسمین اور ثابت شدہ لیڈر ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ سکسرز کے مداح انہیں اپنی ٹیم کی جرسی میں دیکھ کر بے حد خوش ہوں گے۔”
ادھر بی بی ایل سیزن 15 کے ڈرافٹ کے لیے پاکستان کے متعدد اسٹار کھلاڑیوں نے بھی رجسٹریشن کروا لی ہے، جن میں محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، حارث رؤف، محمد حسنین اور اسامہ میر شامل ہیں۔
بی بی ایل ڈرافٹ 19 جون کو منعقد ہوگا، جبکہ سیزن کا آغاز دسمبر 2025 کے وسط میں اور اختتام جنوری 2026 کے آخری ہفتے میں متوقع ہے۔