راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے حالیہ سیکیورٹی صورتحال اور قومی جذبے کے حوالے سے ایک جذباتی اور حوصلہ افزا بیان جاری کیا ہے جس نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔
رضوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ: "ہماری نسلیں گولیوں کی ترتراہٹ اور دھماکوں کی گونج سن کر بڑی ہوئی ہیں، یہ مٹی شہیدوں کے لہو سے تر ہے۔”
"ایسے نوجوان آج بھی زندہ ہیں جو موت سے اسی طرح محبت کرتے ہیں جیسے کچھ لوگ زندگی سے کرتے ہیں۔”
رضوان کا کہنا تھا کہ ہم نے اللہ کے پاک کلام سے یہ سیکھا ہے کہ جنگ نہ کرو، لیکن اگر تم پر جنگ تھوپ دی جائے تو پھر پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان نے کہا کہ یہ قوم ایک عرصے سے دہشتگردی کا سامنا کرتی آ رہی ہے، لیکن ہر حملہ، ہر زخم، اور ہر امتحان نے اسے مزید مضبوط کیا ہے۔
"ایسی قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ اس پر مسلط کی گئی ہر جنگ اسے مزید جوڑنے، جگانے اور متحد کرنے کا ذریعہ بنتی ہے۔”
محمد رضوان کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر بھرپور ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ صارفین نے انہیں "قوم کی آواز” اور "حقیقی ہیرو” قرار دیا ہے۔
ایک صارف نے لکھا: "رضوان صرف وکٹوں کے پیچھے نہیں، قوم کے دلوں میں بھی کھڑے ہیں۔”
جبکہ ایک اور نے کہا: "یہی وہ سوچ ہے جو ہمیں باقی دنیا سے مختلف بناتی ہے، اور ناقابل تسخیر بناتی ہے۔”