لاہور: ورلڈکپ 2027 کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان ون ڈے ٹیم کی قیادت میں بڑی تبدیلی کا امکان ہے۔ اطلاعات کے مطابق موجودہ کپتان محمد رضوان کو قیادت سے ہٹانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے اس معاملے کو اٹھایا ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کو اس حوالے سے باضابطہ طور پر خط لکھا ہے۔ خط میں سفارش کی گئی ہے کہ کپتان سے متعلق فیصلہ کرنے کے لیے سلیکشن اور ایڈوائزری کمیٹی کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ کے تھنک ٹینک نے کپتانی کی تبدیلی کے حوالے سے ابتدائی مشاورت مکمل کر لی ہے، جبکہ ایک اہم امیدوار سے رابطے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس مضبوط امیدوار نے ورلڈکپ 2027 تک مکمل یقین دہانی اور فری ہینڈ کی شرط رکھی ہے۔
ذرائع کے مطابق اگر محمد رضوان کو ہٹایا گیا تو بابر اعظم، آغا سلمان اور شاہین آفریدی کپتانی کے مضبوط امیدوار ہیں، جن میں شاہین شاہ آفریدی کو فرنٹ رنر تصور کیا جا رہا ہے۔
پی سی بی کے قریبی ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں اس حوالے سے اہم اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے، جس میں ون ڈے ٹیم کی قیادت کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔