پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ایشیا کپ 2025 کے پاک-بھارت میچ کے بعد بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے ہاتھ نہ ملانے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی کھیل کے روایتی جذبے کو برقرار رکھنے کے لیے ہاتھ ملانے کے لیے تیار تھے، تاہم بھارتی ٹیم اس موقع پر میدان چھوڑ کر ڈریسنگ روم کی جانب روانہ ہو گئی۔
ان کا کہنا تھا، "ظاہر ہے، ہم کھیل کے اختتام پر ہاتھ ملانے کے لیے وہاں گئے تھے، لیکن ہماری اپوزیشن پہلے ہی ڈریسنگ روم کی طرف جا رہی تھی۔ ہمیں اس رویے سے مایوسی ہوئی۔”
ہیڈ کوچ کے مطابق میچ کے اختتام پر اس قسم کی صورتحال افسوسناک تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم اپنی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھی، لیکن کھیل کے جذبے کے تحت مصافحہ کے لیے تیار تھی۔
ایشیا کپ: بھارت کو پاکستان کے خلاف 128 رنز کا ہدف، پاکستانی بیٹنگ لائن ناکام
مائیک ہیسن نے مزید کہا کہ کپتان سلمان علی آغا کی میچ کے بعد پریزینٹیشن میں عدم موجودگی بھی اسی صورتحال سے متاثر ہوئی۔ ان کے بقول، "ماحول اس وقت مایوس کن تھا، اور اس کا اثر ٹیم کے جذبات پر پڑا۔”
یاد رہے کہ ایشیا کپ 2025 کے اس میچ میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔