شیر بنگلا اسٹیڈیم کی پچ "ناقابلِ قبول” ہے، مائیک ہیسن کی شکست کے بعد کڑی تنقید

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بنگلا دیش کے خلاف شکست کے بعد ڈھاکا کی پچ کو غیر معیاری قرار دے دیا، کہا کہ ایسی پچز عالمی معیار کے خلاف ہیں

ڈھاکا: پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں شکست کے بعد شیرِ بنگلا نیشنل اسٹیڈیم کی پچ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پچ نہ صرف بین الاقوامی کرکٹ کے معیار پر پوری نہیں اترتی، بلکہ کھلاڑیوں کی کارکردگی اور تیاری پر بھی منفی اثر ڈالتی ہے۔

latest urdu news

پاکستانی ٹیم 19.3 اوورز میں محض 110 رنز پر آؤٹ ہو گئی، جہاں ناقص شاٹ سلیکشن اور تین رن آؤٹس نے صورتحال مزید خراب کر دی۔ ٹیم کی شروعات ہی کمزور رہی، اور 8ویں اوور تک اس کا اسکور 5 وکٹوں پر 46 رنز تھا۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ "میرے خیال میں یہ پچ کسی بھی ٹیم کے لیے موزوں نہیں۔ ٹیمیں ٹی 20 ورلڈ کپ اور ایشیا کپ جیسے اہم ایونٹس کی تیاری کر رہی ہیں، اس معیار کی پچ ناقابلِ قبول ہے۔”

ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ پچ سے متعلق ابتدائی اندازہ غلط ثابت ہوا، خصوصاً فخر زمان کے کچھ شاٹس نے ٹیم کو یہ تاثر دیا کہ وکٹ کھیلنے کے لیے بہتر ہے، لیکن جیسے ہی گیند سیم اور باؤنس کرنے لگی، ٹیم لڑکھڑا گئی۔

مائیک ہیسن نے واضح کیا کہ اس طرح کی پچز نہ صرف ٹیم کی حکمتِ عملی کو متاثر کرتی ہیں بلکہ کھلاڑیوں کی تکنیکی نشوونما بھی سست کر دیتی ہیں۔

دوسری جانب، بنگلا دیشی اوپنر پرویز حسین ایمان نے مائیک ہیسن کے تبصرے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ "ہمیں تو پچ خراب محسوس نہیں ہوئی، ہم نے ہدف 16 اوورز سے بھی کم وقت میں حاصل کر لیا۔ اگر پورے 20 اوورز کھیلتے تو ہم 150 یا 160 رنز بھی بنا سکتے تھے۔”

پرویز کے مطابق، ان کی ٹیم نے کنڈیشنز کو بہتر انداز میں سمجھا اور اسی کے مطابق حکمت عملی بنائی۔

تین میچوں پر مشتمل سیریز میں بنگلا دیش کو 0-1 کی برتری حاصل ہو چکی ہے، جبکہ دوسرا ٹی 20 میچ منگل کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔ یہ صورتحال نہ صرف پاکستان کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر سوال اٹھا رہی ہے بلکہ ایشیائی پچز کے معیار پر بھی ایک نئی بحث کو جنم دے رہی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب عالمی ایونٹس قریب ہوں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter