عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کے دورۂ بھارت کے دوران کولکتہ کے اسٹیڈیم میں انتہائی مختصر قیام پر مداح شدید مشتعل ہو گئے، جس کے نتیجے میں اسٹیڈیم کے اندر توڑ پھوڑ کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیونل میسی کولکتہ اسٹیڈیم میں صرف 10 سے 20 منٹ تک موجود رہے۔ مداح طویل انتظار اور بڑی توقعات کے ساتھ اسٹیڈیم پہنچے تھے، تاہم میسی کے اچانک روانہ ہو جانے پر شائقین میں شدید مایوسی پھیل گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق مشتعل مداحوں نے اسٹیڈیم کے کچھ حصوں میں توڑ پھوڑ کی اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ شائقین کا کہنا تھا کہ میسی کو وزرا، سیاستدانوں اور اہم شخصیات نے گھیر رکھا تھا، جس کی وجہ سے عام مداح انہیں قریب سے دیکھ بھی نہ سکے۔
مداحوں نے شکوہ کیا کہ ایونٹ کے دوران میسی نے نہ فٹبال کو کک لگائی، نہ کسی عملی سرگرمی میں حصہ لیا اور نہ ہی شائقین سے براہِ راست بات چیت کی۔ کئی افراد نے اسے ’’بدترین ایونٹ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے فٹبال اسٹار کے لیے کیے گئے انتظامات مداحوں کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔
لیونل میسی نے شاہ رخ خان اور ان کے بیٹے ابرام سے کی خصوصی ملاقات
سوشل میڈیا پر بھی اس واقعے پر شدید ردِعمل سامنے آیا، جہاں متعدد صارفین نے منتظمین کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ایونٹ کو ناقص منصوبہ بندی کا نتیجہ قرار دیا۔ بعض صارفین نے کہا کہ میسی کی موجودگی کو محض نمائشی حد تک رکھا گیا، جس سے شائقین کی دل آزاری ہوئی۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی، تاہم انتظامیہ کی جانب سے اب تک کسی باضابطہ بیان میں توڑ پھوڑ یا نقصانات کی تفصیل جاری نہیں کی گئی۔
