اسلام آباد: ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن نے جیولن تھرو کی تازہ عالمی رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں پاکستان کے ارشد ندیم 1370 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
رینکنگ میں کوئی خاص بہتری نہ آنے کی بنیادی وجہ ارشد ندیم کی رواں سال ایونٹس میں محدود شرکت ہے۔ وہ اب تک صرف ایک بڑی چیمپئن شپ، ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے 86.40 میٹر کی تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
عالمی رینکنگ میں بھارت کے نیرج چوپڑا 1445 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ گرینیڈا کے اینڈرسن پیٹرز دوسرے اور جرمنی کے جولین ویبر تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
ارشد ندیم آئندہ ماہ ستمبر میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ سے قبل مزید دو سے تین بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں، جس سے ان کی رینکنگ میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔
یاد رہے کہ ارشد ندیم نے گزشتہ برس پیرس اولمپکس میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 92.97 میٹر کی تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کی تاریخ رقم کی تھی۔