دبئی، بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو اس وقت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچز دبئی منتقل کرنے کے لیے رابطہ کرتا، تو پتہ چلا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی اس حوالے سے پیش قدمی کر چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی بورڈ نے دبئی کو متبادل مقام کے طور پر منتخب کرنے کی کوشش کی، تاہم جب انہوں نے ایمریٹس کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا تو انہیں بتایا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اس سے قبل ہی اس حوالے سے باضابطہ رابطہ کر چکا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی پہلے ہی پی ایس ایل کے میچز متحدہ عرب امارات میں کروانے کے لیے ایمریٹس کرکٹ بورڈ سے معاملات طے کر چکے تھے، اور 8 مئی کی رات کو دبئی میں میچز کے انعقاد سے متعلق حتمی معاہدہ بھی طے پا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی کی جانب سے رابطہ نسبتاً دیر سے کیا گیا، جس کے بعد انہیں بتایا گیا کہ پاکستان کے شیڈول کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
اس پیش رفت کے نتیجے میں بھارت کو آئی پی ایل کے لیے فوری طور پر متبادل وینیو دستیاب نہ ہو سکا، جس کے باعث ایونٹ کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اب بی سی سی آئی ستمبر کی کھڑکی کا جائزہ لے رہا ہے تاکہ آئی پی ایل کو اس دوران کرایا جا سکے۔
تاہم، اگر ستمبر میں آئی پی ایل کرائی گئی تو اس کے براہِ راست اثرات ایشیا کپ کے انعقاد پر پڑ سکتے ہیں، جو پہلے ہی شیڈولنگ کے دباؤ کا شکار ہے۔