نئی دہلی / آگرہ: بھارت کی معروف ویمن کرکٹر اور یو پی پولیس کی ڈی ایس پی دیپتی شرما کی قریبی دوست نے ان کے فلیٹ سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، زیورات اور غیر ملکی کرنسی چوری کرلی۔ یہ واقعہ 22 اپریل 2025 کو پیش آیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں ریکارڈ بھی ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، دہلی سے تعلق رکھنے والی آروشی گوئل، جو دیپتی کی پرانی ساتھی کھلاڑی اور ذاتی دوست ہیں، چوری کی واردات میں ملوث پائی گئی ہیں۔ آروشی اس وقت آگرہ کینٹ ریلوے اسٹیشن پر جونیئر کلرک کے طور پر تعینات ہیں۔
دیپتی شرما کے بھائی سمیت شرما نے پولیس کو بتایا کہ ان کی بہن کے فلیٹ میں داخل ہو کر آروشی نے تقریباً 25 لاکھ روپے مالیت کی رقم، زیورات اور ڈھائی ہزار امریکی ڈالر چرائے۔ واقعے کے وقت دیپتی شرما کرکٹ کی مصروفیات کے سلسلے میں بیرونِ ملک موجود تھیں۔
شکایت کے مطابق، آروشی اور اس کے اہلِ خانہ پہلے بھی دیپتی سے لاکھوں روپے قرض لے چکے تھے، لیکن وہ نہ صرف رقم واپس کرنے سے انکاری تھے بلکہ بدتمیزی اور ٹال مٹول سے بھی کام لے رہے تھے۔ دیپتی نے اسی وجہ سے آروشی کو فلیٹ میں آنے سے منع کر دیا تھا، تاہم وہ چوری چھپے داخل ہوئی اور قیمتی اشیاء لے کر فرار ہوگئی۔
صدر پولیس تھانہ، آگرہ کے مطابق، "مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی روشنی میں تحقیقات جاری ہیں۔”