آر سی بی کے فاسٹ بولر یش دیال پر خاتون سے زیادتی، تشدد اور مالی استحصال کا الزام، بھارتی قانون کے تحت 10 سال قید کا امکان
نئی دہلی، بھارتی کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے کھلاڑی یش دیال ایک سنگین قانونی بحران کا شکار ہو گئے ہیں۔ غازی آباد کی ایک خاتون نے ان پر جنسی زیادتی، جسمانی و ذہنی تشدد، اور مالی استحصال جیسے سنگین الزامات عائد کیے ہیں، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کا یش دیال کے ساتھ پانچ سالہ قریبی تعلق رہا، جس دوران کرکٹر نے اسے شادی کا جھانسہ دے کر نہ صرف جنسی تعلقات قائم کیے بلکہ مسلسل ذہنی اذیت اور مالی نقصان بھی پہنچایا۔ خاتون نے پولیس کو دی گئی درخواست میں یہ مؤقف اختیار کیا کہ کرکٹر نے شادی کے وعدے پر اس کا اعتماد حاصل کیا، اور پھر طویل عرصے تک مختلف حیلوں بہانوں سے اس کا استحصال کرتا رہا۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے خاتون کی درخواست پر قانونی کارروائی شروع کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا ہے، اور یش دیال کے خلاف تفتیش جاری ہے۔ بعض میڈیا اداروں نے مبینہ خاتون کی تصویر بھی شائع کی ہے، تاہم اس بارے میں ابھی تک کرکٹر یا اس کے وکیل کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
کرکٹر کی معمولی غلطی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو خطرے میں ڈال دیا
بھارتی قوانین کے مطابق اگر یش دیال پر لگائے گئے الزامات عدالت میں ثابت ہو جاتے ہیں تو انہیں کم از کم 10 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
یہ واقعہ اس وقت منظرعام پر آیا ہے جب یش دیال آئی پی ایل کے حالیہ سیزن میں آر سی بی کی نمائندگی کر چکے ہیں اور انہیں نوجوان فاسٹ بولرز میں ابھرتا ہوا ٹیلنٹ قرار دیا جا رہا تھا۔
یاد رہے کہ ماضی میں بھی بھارتی کرکٹ سے وابستہ چند کھلاڑی مختلف تنازعات کا شکار ہو چکے ہیں، لیکن عدالت ہی حتمی فیصلہ کرتی ہے کہ الزامات میں کتنی صداقت ہے۔ اس کیس کے بارے میں بھارتی بورڈ (بی سی سی آئی) یا آر سی بی ٹیم انتظامیہ کا کوئی باضابطہ ردعمل تاحال سامنے نہیں آیا۔