ایشیا کپ 2025 کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایونٹ اور پاکستان کے خلاف میچ سے دستبرداری نہ اختیار کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، حال ہی میں ڈھاکا میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اجلاس میں بھارتی بورڈ نے پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے گرین سگنل دے دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے بعد بھارت ایونٹ یا پاکستان کے خلاف کسی بھی میچ سے انکار نہیں کر سکتا۔
اے سی سی کے صدر کے مطابق، ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر 2025 تک متحدہ عرب امارات میں شیڈول ہے۔ اس دوران پاکستان اور بھارت کم از کم دو بار آمنے سامنے آئیں گے، جبکہ ممکنہ طور پر فائنل میں تیسری بار بھی ٹکراؤ ہو سکتا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا گروپ میچ 14 ستمبر کو ہوگا۔
ادھر بھارتی میڈیا اور چند سابق کھلاڑیوں کی جانب سے اس فیصلے پر تنقید کی جا رہی ہے اور پاکستان کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ بھی زور پکڑ رہا ہے، تاہم بھارتی بورڈ کی جانب سے اجلاس اور شیڈول جاری ہونے کے بعد بائیکاٹ سے متعلق کوئی آفیشل تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام فیصلے بورڈ اور حکومت کی باہمی مشاورت سے ہوئے ہیں، اور اب کسی بھی قسم کی تبدیلی ممکن نہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کی اس رضامندی کے بعد ایشیا کپ 2025 کا انعقاد متفقہ شیڈول کے مطابق ہی ہوگا۔