نئی دہلی: بھارت نے ویسٹ انڈیز کو دہلی ٹیسٹ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔
بھارت نے 121 رنز کا ہدف میچ کے آخری روز 63 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرنا شروع کیا۔ اگرچہ سائی سدھرسن 39 اور کپتان شبمان گل 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لیکن کے ایل راہول نے 58 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے روسٹن چیز نے دو جبکہ جومیل وریکن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ کے آغاز میں بھارت نے پہلی اننگز میں 518 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا تھا، جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز 248 رنز پر ڈھیر ہو کر فالو آن کا شکار ہو گئی۔
دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے قدرے بہتر کھیل دیکھنے کو ملا۔ جان کیمپبیل نے 115 اور شائے ہوپ نے 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس کے باعث ٹیم 390 رنز تک پہنچنے میں کامیاب رہی، تاہم شکست سے نہ بچ سکی۔
اس جیت کے ساتھ بھارت نے ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ مکمل کرتے ہوئے عالمی درجہ بندی میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔