ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل تک رسائی کی امیدیں برقرار رکھ لی ہیں۔ اس فتح کے بعد پاکستان نے قیمتی 2 پوائنٹس حاصل کرلیے ہیں۔
یہ میچ منگل کے روز ابوظبی میں کھیلا گیا، جہاں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ سری لنکن ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے، جس میں کامندو مینڈس نے 50 رنز کے ساتھ نمایاں کردار ادا کیا۔
جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف 18ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس کامیابی سے پاکستان کو 2 اہم پوائنٹس ملے اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آ گیا، یوں فائنل تک پہنچنے کی راہ کھلی رہی۔
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں ہر ٹیم کو 3 میچز کھیلنے ہیں اور فائنل کے لیے ٹاپ 2 ٹیمیں کوالیفائی کریں گی۔ اس وقت بھارت ایک میچ جیت کر 2 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، پاکستان 2 میچز میں ایک کامیابی کے ساتھ دوسرے، جبکہ بنگلادیش بھی ایک میچ جیت کر تیسرے نمبر پر ہے۔ سری لنکا اپنے دونوں میچز ہار چکا ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر موجود ہے۔
ایشیا کپ میں بھارت سے شکست کے بعد مریم نفیس کا محسن نقوی سے دلچسپ مطالبہ
پاکستان کے لیے ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے کا سب سے آسان راستہ یہ ہے کہ وہ اپنا اگلا میچ بنگلادیش کے خلاف جیتے، جبکہ بھارت اپنے دونوں باقی میچز (بنگلادیش اور سری لنکا کے خلاف) میں کامیابی حاصل کرے۔
اگر ایسا ہوتا ہے تو بھارت 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہوگا، اور پاکستان 4 پوائنٹس کے ساتھ فائنل میں جگہ بنالے گا۔
تاہم، اگر بھارت بدھ کے روز بنگلادیش سے ہار جاتا ہے تو صورتحال پیچیدہ ہوسکتی ہے اور فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر جا سکتا ہے، جس کے باعث پاکستان کو بنگلادیش کے خلاف بڑی فتح حاصل کرنا ہوگی۔