لاہور میں پہلے ٹی 20 میچ میں حسن علی کی پانچ وکٹیں، وہاب ریاض نے ویڈیو شیئر کر کے تعریف کی اور مزاحیہ انداز میں ٹریننگ کا کریڈٹ بھی لے لیا۔
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں قومی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 37 رنز سے کامیابی حاصل کی، جبکہ میچ میں فاسٹ بولر حسن علی نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے 30 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین لوٹایا۔
قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور موجودہ کرکٹ تجزیہ کار وہاب ریاض نے حسن علی کی ایک پرانی ٹریننگ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا۔
ویڈیو کے ساتھ دلچسپ انداز میں لکھا، "یہی ہوتا ہے جب آپ ہم جیسے لوگوں کے ساتھ ٹریننگ کرتے ہیں”، ساتھ ہی ہنستے ہوئے ایموجی اور واضح کیا کہ وہ محض مذاق کر رہے ہیں، اور اصل کریڈٹ حسن علی کی محنت کو جاتا ہے۔
وہاب ریاض نے مزید لکھا کہ حسن علی ایک سچے فائٹر ہیں اور ان کی کامیابی دیکھ کر وہ اور ان کی فیملی بہت خوش ہیں۔
میچ میں آل راؤنڈر شاداب خان کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جنہوں نے بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں اہم کردار ادا کیا۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ حسن علی گزشتہ کچھ عرصے سے ٹیم سے اندر باہر ہوتے رہے ہیں اور ان کی فارم پر سوالات اٹھتے رہے، لیکن اس میچ میں ان کی کارکردگی نے ناقدین کو خاموش کر دیا۔
واضح رہے کہ حالیہ سیریز میں نہ صرف کھلاڑیوں کی کارکردگی بلکہ کوچنگ اسٹاف میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ بنگلا دیش کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے پی سی بی نے نیا باؤلنگ کوچ بھی مقرر کیا ہے، جس کی مکمل تفصیلات یہاں ملاحظہ کریں:
جس کی مکمل تفصیلات یہاں ملاحظہ کریں: پی سی بی نے بنگلا دیش کے خلاف نیا باؤلنگ کوچ مقرر کر دیا