بھارتی نوجوان کو ویرات کوہلی اور اے بی ڈیویلیئرز کی کالز موصول، حیران کن حقیقت سامنے آگئی
بھارت میں ایک نوجوان اُس وقت حیران رہ گیا جب اسے ویرات کوہلی، اے بی ڈیویلیئرز اور دیگر معروف کرکٹرز کی جانب سے فون کالز موصول ہونا شروع ہو گئیں۔ یہ واقعہ ایک فلمی کہانی جیسا معلوم ہوتا ہے، لیکن دراصل حقیقت میں پیش آیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 21 سالہ منیش نامی نوجوان نے قریبی اسٹور سے ایک نیا سم کارڈ خریدا، اور جب اس نے اسے واٹس ایپ پر رجسٹر کیا تو اس کے دوستوں نے نوٹ کیا کہ نمبر پر رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے موجودہ کپتان رجت پٹیدر کی پروفائل تصویر لگی ہوئی ہے۔ منیش نے اس پر زیادہ غور نہیں کیا۔
چند ہی دنوں بعد منیش کو حیران کن طور پر مسلسل کالز موصول ہونا شروع ہو گئیں جن میں کال کرنے والے خود کو ویرات کوہلی، اے بی ڈیویلیئرز، یش دیال اور دیگر آر سی بی کھلاڑی ظاہر کر رہے تھے۔ منیش کو لگا یہ اس کے دوستوں کا مذاق ہے، لہٰذا اس نے تقریباً دو ہفتے تک ان کالز کو نظر انداز کیے رکھا۔
ادھر رجت پٹیدر کو اس وقت احساس ہوا کہ ان کا پرانا واٹس ایپ نمبر کسی اور کے پاس جا چکا ہے، جس پر انہوں نے مدھیہ پردیش سائبر سیل میں شکایت درج کروائی۔ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ موبائل کمپنی کی پالیسی کے تحت 6 ماہ تک غیر فعال رہنے والے نمبرز دوبارہ صارفین کو الاٹ کر دیے جاتے ہیں، اور یہی نمبر منیش کو دے دیا گیا تھا۔
پولیس نے تفتیش کے بعد نمبر واپس رجت پٹیدر کو دے دیا، اور اس منفرد واقعے نے یہ بات اجاگر کر دی کہ پرانے نمبروں کی ری سائیکلنگ بعض اوقات نجی زندگی میں دلچسپ بلکہ عجیب مداخلت کا سبب بھی بن سکتی ہے۔