منگل, 3 جون , 2025

گلین میکسویل کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

آسٹریلیا کے جارح مزاج آل راؤنڈر گلین میکسویل نے ون ڈے کرکٹ سے فوری ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، جسمانی تھکن اور پرانی چوٹ کو فیصلہ کن وجوہات قرار دے دیا۔

latest urdu news

میلبرن، آسٹریلیا کے مایہ ناز آل راؤنڈر گلین میکسویل نے 50 اوور کی انٹرنیشنل کرکٹ سے فوری طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 36 سالہ میکسویل نے اپنے فیصلے کا انکشاف ایک تفصیلی انٹرویو میں کیا، جو "فائنل ورڈ پوڈکاسٹ” پر نشر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ون ڈے فارمیٹ میں مسلسل جسمانی دباؤ اور 2022 میں پیش آنے والی ٹانگ کی سنگین چوٹ نے ان کے اس فیصلے میں اہم کردار ادا کیا۔

میکسویل نے بتایا کہ وہ محسوس کر رہے تھے کہ ان کی جسمانی حالت اب ٹیم کے لیے فائدہ مند نہیں رہی، اس لیے انہوں نے خود سلیکٹرز سے بات کر کے واضح کر دیا کہ 2027 ورلڈ کپ ان کے منصوبے کا حصہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "میں نہیں چاہتا کہ صرف چند سیریز کھیلنے کے لیے اپنی جگہ سنبھالے رکھوں، جب مجھے معلوم ہو کہ میں مکمل فارم اور فٹنس میں نہیں ہوں۔”

گلین میکسویل نے 149 ون ڈے میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے 3,990 رنز 33.81 کی اوسط سے بنائے، اور 77 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 126.70 رہا، جو دنیا بھر میں 2000 سے زائد رنز بنانے والے بیٹرز میں دوسرا بلند ترین اسٹرائیک ریٹ ہے۔

ان کے کیریئر کی سب سے شاندار اننگز 2023 کے ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف کھیلی گئی، جب انہوں نے صرف ایک ٹانگ پر کھیلتے ہوئے ناقابل شکست 201 رنز بنائے اور 91 رنز پر 7 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا کو ناقابل یقین فتح دلوائی۔ یہ نہ صرف آسٹریلیا کی پہلی ڈبل سنچری تھی بلکہ کسی بھی تعاقب میں بنی پہلی ڈبل سنچری بھی رہی، جس نے میکسویل کو عالمی شہرت کی بلندی پر پہنچایا۔

میکسویل نے اعلان کیا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل فارمیٹ میں آسٹریلیا کی نمائندگی جاری رکھیں گے اور امکان ہے کہ 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک ٹیم کا حصہ رہیں گے۔

یاد رہے کہ گلین میکسویل کا شمار دنیا کے خطرناک ترین محدود اوورز کے بیٹرز میں ہوتا ہے، جنہوں نے اپنی غیر روایتی بیٹنگ، شاندار فیلڈنگ اور کبھی کبھار اہم وکٹیں حاصل کر کے آسٹریلیا کو کئی یادگار کامیابیاں دلائیں۔ ان کی ریٹائرمنٹ سے ون ڈے کرکٹ ایک منفرد اور رنگین کھلاڑی سے محروم ہو گئی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter