ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے خلاف میچ کے دوران گیند سر پر لگنے کے بعد قومی اوپنر فخر زمان کو مکمل طور پر فٹ قرار دے دیا گیا ہے۔
فخر زمان بیٹنگ کے دوران سری لنکن فاسٹ بولر دشمناتھا چمیرا کی ایک تیز رفتار گیند پر متاثر ہوئے، جو سیدھا ان کے ہیلمٹ سے جا ٹکرائی۔ واقعے کے فوری بعد میڈیکل اسٹاف نے ان کا معائنہ کیا اور فخر نے میدان میں کھیل جاری رکھتے ہوئے 19 گیندوں پر 17 رنز بنائے۔
ذرائع کے مطابق فخر زمان کو واقعے کے بعد احتیاطاً ٹیم میڈیکل یونٹ کی نگرانی میں رکھا گیا۔ تاہم، اب تک ان کی جانب سے کسی قسم کی جسمانی یا دماغی تکلیف کی شکایت سامنے نہیں آئی، جس کی بنیاد پر انہیں مکمل فٹ قرار دے دیا گیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قوانین کے مطابق، سر پر گیند لگنے کے بعد کھلاڑی کو کم از کم 18 سے 20 گھنٹے طبی نگرانی میں رکھا جاتا ہے۔ اسی سلسلے میں ٹیم کا میڈیکل پینل دبئی میں آج رات ایک مرتبہ پھر فخر زمان کی حالت کا جائزہ لے گا۔
ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بڑی ہلچل، ابرار چوتھے نمبر پر، شاہین اور حارث کی بھی ترقی
میڈیکل ذرائع کے مطابق فخر زمان مکمل طور پر خیریت سے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ وہ جمعرات کو بنگلہ دیش کے خلاف ہونے والے اہم میچ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔