ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کے آغاز سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کی بولنگ لائن کے حوالے سے سابق کپتان اور کمنٹیٹر رمیز راجہ نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو خاص طور پر ڈیتھ اوورز میں بولنگ کے معیار کو بہتر بنانا ہوگا، کیونکہ بڑی ٹیمیں اچھی بیٹنگ پچز پر اس کمزوری کو آسانی سے بھانپ لیں گی اور فائدہ اٹھائیں گی۔ ان کے مطابق پاکستان کو بولنگ شعبے میں مزید حکمت عملی اور مؤثر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔
رمیز راجہ نے نوجوان اسپنر سفیان مقیم پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک اچھا رسٹ اسپنر ہے اور سیکھنے کے مرحلے میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سفیان کی لائن اور لینتھ بہتر ہے مگر اسپن میں مزید نکھار کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ وہ صرف ایک ہی انداز پر انحصار نہ کرے بلکہ گوگلی اور چائنا مین کا زیادہ استعمال کرے، بصورتِ دیگر بیٹسمین اس کی گیندوں کو آسانی سے کھیل سکتے ہیں۔
گفتگو کے دوران رمیز راجہ نے متحدہ عرب امارات کے بیٹر آصف خان کی بھی تعریف کی۔ ان کے مطابق آصف خان نے ثابت کیا ہے کہ وہ ایک شاندار ہٹر ہیں۔ آصف خان پہلے پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے تھے اور اب یو اے ای کی نمائندگی کرتے ہوئے خود کو کامیابی سے منوا رہے ہیں۔
ایشیا کپ: وسیم اکرم نے بھارت کو پاکستان کے مقابلے میں فیورٹ قرار دے دیا
یاد رہے کہ شارجہ میں کھیلے گئے 3 ملکی سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 31 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 208 رنز کا ہدف دیا، جس کے جواب میں اماراتی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز ہی بنا سکی۔