بین الاقوامی کرکٹ میں ایک نیا اور حیران کن ریکارڈ قائم ہو گیا ہے، جہاں بھوٹان کے نوجوان بولر سونم ییشے نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایسی شاندار کارکردگی دکھائی جو اس سے قبل کبھی دیکھنے میں نہیں آئی۔ میانمار کے خلاف کھیلے گئے میچ میں سونم ییشے نے اپنی تباہ کن بولنگ سے نہ صرف حریف ٹیم کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا بلکہ عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔
میچ کے دوران سونم ییشے نے محض چار اوورز میں صرف 7 رنز دے کر 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر دیا، جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔ اس غیر معمولی اسپیل کی بدولت میانمار کی ٹیم 127 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 45 رنز بنا کر پوری ٹیم کی صورت میں پویلین لوٹ گئی۔
اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک میچ میں زیادہ سے زیادہ 7 وکٹیں لینے کا ریکارڈ قائم تھا، جو مردوں اور خواتین کی انٹرنیشنل کرکٹ میں مجموعی طور پر چھ بولرز نے حاصل کیا تھا۔ تاہم سونم ییشے نے اس ریکارڈ کو توڑتے ہوئے 8 وکٹیں حاصل کر کے تاریخ میں اپنا نام درج کرا لیا۔
سونم ییشے کی اس کارکردگی نے نہ صرف بھوٹان کرکٹ بلکہ عالمی سطح پر ایسوسی ایٹ اور ابھرتی ہوئی ٹیموں کی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کر دیا ہے۔ کرکٹ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ کارنامہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی کرکٹ میں اب چھوٹی ٹیمیں بھی بڑے ریکارڈ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاکستانی اسکواڈ کا اعلان، اہم کھلاڑی کی واپسی
اس میچ کے بعد کرکٹ شائقین اور ماہرین کی جانب سے سونم ییشے کی تعریفوں کے پل باندھ دیے گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان کی بولنگ کے چرچے ہو رہے ہیں اور انہیں مستقبل کا ایک خطرناک بولر قرار دیا جا رہا ہے۔
سونم ییشے کی یہ تاریخی کامیابی نہ صرف بھوٹان کے لیے فخر کا باعث ہے بلکہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں ایک یادگار لمحہ بھی بن چکی ہے، جسے طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔
