پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے پی سی بی کے اسکلز کیمپ میں محض دو دن شرکت کے بعد بیرونِ ملک روانگی اختیار کر لی، جس پر سوشل میڈیا صارفین اور ناقدین نے سخت ردعمل دیا ہے۔
لاہور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے قومی ٹیم کے اسکلز ڈیولپمنٹ کیمپ میں صرف دو روز کی ٹریننگ کے بعد کیمپ چھوڑ دیا اور بیرونِ ملک روانہ ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی اور کیمپ انتظامیہ کو ان کی جانب سے پیشگی اطلاع دی گئی تھی کہ وہ پہلے سے طے شدہ ذاتی کمٹمنٹ کی بنیاد پر وطن چھوڑ رہے ہیں۔
بابراعظم ان کھلاڑیوں میں شامل تھے جو اسکلز ڈیولپمنٹ کیمپ کے پہلے مرحلے میں شریک ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ابرار احمد، احمد دانیال، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد عباس آفریدی، عامر جمال، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان مرزا اور سفیان مقیم شامل تھے۔
بابراعظم کی محض دو روزہ موجودگی پر سوشل میڈیا پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اتنے قلیل وقت میں آخر کون سی ٹریننگ حاصل کی گئی ہے کہ وہ کیمپ سے روانہ ہو گئے۔ ایک صارف نے ٹویٹر پر لکھا کہ "اگر بابراعظم فارم میں ہوتے تو شاید کیمپ کا حصہ بننا بھی گوارا نہ کرتے، اب چونکہ خراب فارم میں ہیں تو دو دن کی رسمی موجودگی دکھا کر نکل لیے۔”
دوسری جانب پی سی بی یا بابراعظم کی جانب سے اس حوالے سے کسی قسم کی وضاحت سامنے نہیں آئی، جس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں مزید بڑھتی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ حالیہ عرصے میں بابراعظم کی بیٹنگ فارم میں کمی، خصوصاً بڑے میچز میں کارکردگی پر شدید تنقید کی جاتی رہی ہے، اور اسی وجہ سے ان کی قومی ٹیم میں قیادت بھی محدود ہو چکی ہے۔ اسکلز کیمپ کا مقصد نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کی تکنیکی خامیاں دور کرنا اور انہیں بین الاقوامی سطح پر بہتر طور پر تیار کرنا تھا، مگر بابراعظم کی جلد واپسی نے اس مقصد پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔