اچھا وقت لمحاتی ہوتا ہے، میرا ہدف پاکستان کے لیے ٹرافی جیتنا ہے، بابر اعظم

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اور سابق کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ کرکٹ میں اچھا وقت بہت مختصر ہوتا ہے اور کھلاڑی کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی توجہ برقرار رکھتے ہوئے مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھائے۔ انہوں نے یہ بات سابق انگلش کپتان کیون پیٹرسن کو یوٹیوب چینل پر دیے گئے ایک دلچسپ اور کھلے دل کے انٹرویو میں کہی، جس میں انہوں نے اپنی کرکٹنگ سوچ، اہداف اور ذاتی سفر کے حوالے سے گفتگو کی۔

latest urdu news

بابر اعظم نے کہا کہ جب میدان میں تماشائی ان کا نام پکارتے ہیں تو وہ احساس لفظوں میں بیان کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ ان کے مطابق بچپن سے خواب تھا کہ وہ پاکستان کی نمائندگی کریں اور آج جب وہ میدان میں اترتے ہیں تو انہیں احساس ہوتا ہے کہ وہ اپنے خواب کو حقیقت میں بدلتے ہوئے قوم کا اعتماد اپنے کندھوں پر اٹھائے کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کو بھرپور طریقے سے انجوائے کرنا چاہیے کیونکہ کھلاڑی کے کیریئر میں اچھے لمحات بہت جلد گزر جاتے ہیں۔

انٹرویو کے دوران کیون پیٹرسن نے بابر سے مزاحیہ سوال کیا کہ چونکہ اے بی ڈی ویلیئرز آپ کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں، تو میں آپ کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہوں یا تیسرے؟ جس پر بابر اعظم نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ’’نہیں، چھٹے یا شاید ساتویں نمبر پر۔‘‘ اس جواب پر دونوں نے کھل کر قہقہہ لگایا اور ماحول مزید خوشگوار ہوگیا۔

بابر اعظم نے کہا کہ انہیں بلے بازی کرنا بے حد پسند ہے اور وہ ہر میچ میں بہتر سے بہتر کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان کے مطابق ہر کھلاڑی کبھی نہ کبھی ناکامی کا شکار ہوتا ہے، لیکن اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ انسان اپنی توجہ اور فوکس برقرار رکھے۔ بابر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ان کا سب سے بڑا مقصد پاکستان کے لیے کوئی بڑی بین الاقوامی ٹرافی جیتنا ہے اور اسی خواب کو پورا کرنے کے لیے وہ سخت محنت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ صرف کھیل نہیں بلکہ جذبہ ہے اور وہ اپنے شائقین کی محبت اور حمایت سے بھرپور طریقے سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ بابر کے مطابق ان کی کوشش ہوتی ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو بھی مثبت پیغام دیں کہ محنت، لگن اور یکسوئی کامیابی کی اصل کنجی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter