قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابراعظم نے اپنی حالیہ کارکردگی اور کیریئر پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تنقید کرنے والوں کو کوئی جواب دینے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی پوری توجہ صرف کرکٹ کھیلنے اور گراؤنڈ میں بہترین کارکردگی دکھانے پر ہے۔
سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں شاندار فتح کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ گزشتہ دو سال مشکل ضرور تھے، لیکن انہوں نے اس دوران اپنی فٹنس، بیٹنگ اور فیلڈنگ پر بھرپور محنت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں خود پر اعتماد رکھنا سب سے ضروری ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مداحوں نے برے وقت میں جس طرح ساتھ دیا، اس نے حوصلہ بڑھایا۔ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹارگٹ کے مطابق بیٹنگ کی اور سنچری اسکور کرکے اپنا اعتماد بحال کیا۔ ان کے مطابق انہیں پورا بھروسہ تھا کہ وہ سنچری ضرور بنائیں گے۔
بابراعظم اور محمد رضوان اسٹرائیک ریٹ سب سے پیچھے رہ گئے
واضح رہے کہ پاکستان نے سری لنکا کو تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دی، جس میں بابر اعظم کی سنچری نمایاں رہی۔ اسی میچ میں سنچری بنا کر بابر اعظم نے سعید انور کا قومی ریکارڈ بھی برابر کردیا۔ سعید انور نے 244 اننگز میں 20 ون ڈے سنچریاں بنائی تھیں جبکہ بابر اعظم نے یہ سنگِ میل صرف 136 اننگز میں عبور کیا۔
بابر اعظم کم سے کم اننگز میں 20 ون ڈے سنچریاں مکمل کرنے والے دنیا کے تیسرے تیز ترین کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
