بابر اعظم کا بڑا کارنامہ، ٹی20 کرکٹ میں روہت شرما کا ریکارڈ توڑ دیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا، اس طرح انہوں نے بھارت کے سابق کپتان روہت شرما کو پیچھے چھوڑ دیا۔

latest urdu news

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے دیا گیا 111 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے 14ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کر لیا۔ نوجوان اوپنر صائم ایوب نے 38 گیندوں پر 6 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 71 رنز بنائے۔

بولنگ کے شعبے میں سلمان مرزا نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 14 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ فہیم اشرف نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ سلمان مرزا کو عمدہ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اگرچہ بابر اعظم نے صرف 18 گیندوں پر 11 رنز بنائے، تاہم اس دوران انہوں نے ایک تاریخی سنگِ میل عبور کیا۔ بابر اعظم نے ٹی20 کرکٹ میں 4 ہزار 234 رنز مکمل کر کے روہت شرما کا 4 ہزار 231 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔

بابر اعظم اور نسیم شاہ کی واپسی، جنوبی افریقہ کیخلاف اسکواڈ کا اعلان

بابر نے یہ کارنامہ 130 میچوں کی 123 اننگز میں 39.57 کی اوسط سے انجام دیا۔ ان کے ٹی20 کیریئر میں 3 سنچریاں اور 36 نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 128.77 ہے۔

اس فہرست میں روہت شرما اب دوسرے نمبر پر ہیں، جنہوں نے 159 میچوں میں 4,231 رنز بنائے، جب کہ تیسرے نمبر پر بھارت کے ویرات کوہلی ہیں جن کے 4,188 رنز 48.69 کی شاندار اوسط سے ہیں۔

چوتھے نمبر پر انگلینڈ کے جوز بٹلر (3,869 رنز)، پانچویں پر آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ (3,710 رنز) اور چھٹے نمبر پر نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل (3,531 رنز) ہیں۔

پاکستان کے محمد رضوان بھی اس فہرست میں نمایاں ہیں، جنہوں نے 106 میچوں میں 3,414 رنز 47.41 کی اوسط سے بنائے ہیں اور ساتویں نمبر پر موجود ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter