’ میں نے یہ ذمہ داری چھوڑ دی‘، آسٹریلوی اسپنر کی انوکھی ریٹائرمنٹ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

آسٹریلیا کے تجربہ کار اسپنر نیتھن لیون نے ٹیم کے وکٹری سونگ ماسٹر کے عہدے سے سبکدوشی کا اعلان کیا، جشن کی قیادت اب ایلکس کیری کریں گے

سڈنی، آسٹریلیا کے معروف آف اسپنر نیتھن لیون نے ٹیم کے وکٹری سونگ ماسٹر کی حیثیت سے اپنی 12 سالہ خدمات ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے یہ اعزاز وکٹ کیپر بیٹر ایلکس کیری کو سونپ دیا ہے، تاہم لیون نے واضح کیا ہے کہ وہ کرکٹ، بالخصوص ٹیسٹ فارمیٹ سے ریٹائر نہیں ہو رہے۔

latest urdu news

واضح رہے کہ ہر میچ کی فتح کے بعد آسٹریلوی ٹیم مخصوص انداز میں جشن مناتی ہے، جس کی قیادت کا فریضہ لیون 2011 سے انجام دے رہے تھے۔ نیتھن لیون نے بتایا کہ ان کا ارادہ تھا کہ اگر آسٹریلیا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتتا تو وہ یہ ذمہ داری چھوڑ دیتے، تاہم اب انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں اسے باضابطہ طور پر ختم کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کا گانا اور جشن لیڈ کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات رہی ہے، لیکن اب وقت ہے کہ یہ کردار کسی اور کو دیا جائے، اور ان کے نزدیک ایلکس کیری اس کے لیے بہترین شخصیت ہیں۔

نیتھن لیون نے مزید کہا کہ وہ اب بھی آسٹریلوی ٹیم کے لیے کھیلنے کا مکمل ارادہ رکھتے ہیں، خاص طور پر ان کی خواہش ہے کہ وہ بھارت اور انگلینڈ کے خلاف سیریز میں فتح حاصل کریں اور ایک اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کھیلیں۔

یاد رہے کہ نیتھن لیون 138 ٹیسٹ میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کر چکے ہیں، اور اب تک 500 سے زائد وکٹیں لے چکے ہیں۔ انہوں نے یہ کردار مائیک ہسی سے سنبھالا تھا، جنہوں نے 67 ٹیسٹ میچز میں آسٹریلوی ٹیم کے جشن کی قیادت کی تھی۔

یاد رہے کہ نیتھن لیون نہ صرف میدان میں اپنی اسپن باؤلنگ کے سبب مشہور ہیں بلکہ ڈریسنگ روم میں ٹیم کے جوش و خروش اور ثقافت کو زندہ رکھنے میں بھی ان کا نمایاں کردار رہا ہے، جسے اب وہ اگلی نسل کے سپرد کر رہے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter