آسٹریلیا کے ابھرتے ہوئے نوجوان بیٹر ہر جس سنگھ نے محدود اوورز کی کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ صرف 20 سال کی عمر میں انہوں نے ایک ون ڈے طرز کے گریڈ کرکٹ میچ میں 314 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر سب کو حیران کر دیا۔
ہر جس سنگھ نے سڈنی کے پیٹن پارک میں کھیلے گئے 50 اوورز کے میچ میں ویسٹرن سبربز کی نمائندگی کرتے ہوئے سڈنی کرکٹ کلب کے خلاف صرف 141 گیندوں پر یہ دھواں دار اننگز کھیلی۔ ان کے رنز میں 35 چھکے اور 14 چوکے شامل تھے، جو محدود اوورز کرکٹ میں شاندار پاور ہٹنگ کی مثال بن گئے۔
ان کی ریکارڈ ساز بیٹنگ کی بدولت ویسٹرن سبربز نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں پر 483 رنز کا بڑا مجموعہ کھڑا کیا۔ جواب میں سڈنی کرکٹ کلب کی ٹیم ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے صرف 287 رنز بنا سکی اور میچ 196 رنز سے ہار گئی۔
ہر جس سنگھ گریڈ کرکٹ (محدود اوورز فارمیٹ) میں ٹرپل سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹر بن گئے ہیں، جو کہ بلاشبہ ایک نایاب اور یادگار کارنامہ ہے۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ہر جس سنگھ نے انڈر 19 ورلڈ کپ 2024 میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی تھی اور بھارت کے خلاف فائنل میں 55 رنز کی اہم اننگز کھیل کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا۔
ان کی یہ تاریخی اننگز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے اور کرکٹ ماہرین کی جانب سے انہیں بین الاقوامی سطح پر موقع دینے کی آوازیں بھی بلند ہو رہی ہیں۔