آسٹریلیا نے تیسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو 276 رنز سے ہرا دیا، تاہم پروٹیز نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ ٹریوس ہیڈ، مچل مارش اور کیمرون گرین کی شاندار سنچریاں، کوپر کی 5 وکٹیں نمایاں رہیں۔
میکے، آسٹریلیا نے تیسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ کو 276 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی، لیکن تین میچوں کی سیریز پروٹیز نے 1-2 سے اپنے نام کر لی۔
میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور شاندار آغاز کیا۔ اوپنرز ٹریوس ہیڈ اور کپتان مچل مارش نے 250 رنز کی زبردست شراکت قائم کی۔ ٹریوس ہیڈ نے 142 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جبکہ مچل مارش نے 100 رنز اسکور کیے۔
ون ڈاؤن پر آنے والے کیمرون گرین نے بھی تباہ کن بیٹنگ کی اور صرف 55 گیندوں پر ناقابل شکست 118 رنز بنائے۔ انہوں نے صرف 47 گیندوں پر سنچری مکمل کی، جو ون ڈے کرکٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے دوسری تیز ترین سنچری ہے۔
آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 3 وکٹوں پر 431 رنز بنائے اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 432 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں پروٹیز کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 155 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پانچ کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے، جبکہ بی ویڈ بریوس 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
آسٹریلیا کے باؤلر کوپر نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
واضح رہے کہ بڑے مارجن کی اس فتح کے باوجود آسٹریلیا سیریز نہ جیت سکا اور جنوبی افریقہ نے تین میچز کی ون ڈے سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔