ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مقابلہ آج ہوگا، جہاں پاکستان اور بھارت دبئی میں آمنے سامنے آئیں گے۔
کرکٹ کے دونوں روایتی حریف چھ ماہ کے دوران دوسری مرتبہ ایک دوسرے سے ٹکرانے جا رہے ہیں۔ اس سے قبل دونوں ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی میں مدمقابل آچکی ہیں۔
حالیہ کارکردگی کے اعتبار سے دونوں ٹیمیں بھرپور فارم میں ہیں۔ بھارت نے ایشیا کپ میں متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست دی، جبکہ پاکستان نے افغانستان اور یو اے ای کو مات دے کر سہ ملکی سیریز اپنے نام کی۔
ریکارڈ کے لحاظ سے بھارت کو پاکستان پر سبقت حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک ایشیا کپ میں 19 میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں بھارت نے 10 اور پاکستان نے 6 میں کامیابی حاصل کی۔ پاکستان کی بھارت کے خلاف ایشیا کپ میں آخری جیت 2022 میں آئی تھی۔
بھارت 8 مرتبہ ایشیا کپ کا فاتح رہا ہے، جبکہ پاکستان نے یہ ٹائٹل 2 بار جیتا ہے۔
ٹی 20 ایشیا کپ: پاکستان نے عمان کو 93 رنز سے شکست دے کر شاندار آغاز کیا
میچ سے قبل پاکستانی ٹیم نے آرام کو ترجیح دی جبکہ بھارتی کھلاڑیوں نے ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔
پاکستانی شائقین پرجوش ہیں اور اُن کا کہنا ہے کہ ٹیم سے بہترین کارکردگی کی توقع ہے۔
یہ ہائی وولٹیج میچ پاکستانی وقت کے مطابق آج شام 7:30 بجے شروع ہوگا۔