امارات کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ 2025 میں پاکستان سے میچ کے ممکنہ بائیکاٹ کے حوالے سے بھارتی ٹیم کے رویے پر کسی بھی قسم کے خدشات کو مسترد کر دیا ہے۔
ایشیا کپ اس سال 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا، جس کی میزبانی بھارت کر رہا ہے۔ پاکستان اور بھارت کا پہلا مقابلہ 14 ستمبر جبکہ ممکنہ دوسرا میچ 21 ستمبر کو ہوگا۔ اگر دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچتی ہیں تو روایتی حریفوں کا تیسرا بڑا معرکہ بھی دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
امارات کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے نمائندہ ’ایکسپریس‘ سے خصوصی گفتگو میں کہا: "ہمیں 100 فیصد گارنٹی تو نہیں، لیکن پوری امید ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان کے خلاف میچ میں حصہ لے گی۔ تمام ٹیموں نے اپنی حکومتوں سے اجازت لے کر ہی ایونٹ میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔”
انہوں نے انکشاف کیا کہ ایشیا کپ ٹکٹس کی طلب کو دیکھتے ہوئے سوشل میڈیا پر جعلی ٹکٹس کی فروخت شروع ہو چکی ہے، جس پر ایشین کرکٹ کونسل (ACC) اور امارات کرکٹ بورڈ نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
"ابھی تک ٹکٹس کی فروخت شروع نہیں ہوئی، مداح صرف آفیشل ویب سائٹ سے ہی خریداری کریں، ہماری کوشش ہے کہ ٹکٹ کی قیمتیں مناسب رکھی جائیں۔”
وسیم اکرم نے ایشیا کپ میں بھارت کو فیورٹ قرار دے دیا
ایک سوال پر سبحان احمد نے کہا کہ دبئی میں پاک-بھارت شائقین کو علیحدہ بیٹھانے کا کوئی حکومتی فیصلہ نہیں آیا، شائقین پہلے کی طرح اکٹھے بیٹھ کر میچ سے لطف اندوز ہوں گے۔ البتہ شارجہ میں پاک-افغان میچز کے دوران مقامی انتظامیہ کی ہدایت پر شائقین کو الگ بیٹھایا جا رہا ہے، تاہم ایشیا کپ کا کوئی میچ شارجہ میں نہیں ہوگا۔
ایشیا کپ کے افتتاح کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کسی قسم کی "گرینڈ اوپننگ” تقریب نہیں ہوگی، ٹورنامنٹ سادہ انداز میں شروع کیا جائے گا۔ کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے خصوصی ویزا سہولیات موجود ہیں، لیکن عام شائقین کو معمول کے مطابق یو اے ای ویزا حاصل کرنا ہوگا۔