ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 2025 کے گروپ اے کے چھٹے میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن بھارت کے خلاف لڑکھڑا گئی، جس کے نتیجے میں بھارت کو فتح کے لیے 128 رنز کا ہدف دیا گیا۔
دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 127 رنز ہی بناسکی۔
پاکستان کی پہلی وکٹ پہلی ہی گیند پر صائم ایوب کی صورت میں گری۔ محمد حارث، فخر زمان، سلمان آغا، حسن نواز، اور فرحان صاحبزادہ بھی کم رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستانی ٹیم کی آخری وکٹ سفیان مقیم کی صورت میں 111 رنز پر گری۔
پاکستانی ٹیم میں کپتان سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، محمد حارث، فخرزمان، حسن نواز، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم اور ابرار احمد شامل ہیں۔
بھارتی ٹیم میں ابھیشک شرما، شبھمن گل، سنجو سیمسن، سوریا کمار یادیو، تلک ورما، شیوم دوبے، ہاردیک پانڈیا، اکشر پٹیل، کلدیپ یادیو، جسپریت بھمرا اور ورن چکرورتی شامل ہیں۔
حالیہ کارکردگی کے مطابق دونوں ٹیمیں بہترین فارم میں ہیں۔ بھارت نے متحدہ عرب امارات کے خلاف 9 وکٹ سے فتح حاصل کی، جبکہ پاکستان نے افغانستان اور یو اے ای کو شکست دے کر سہ ملکی سیریز جیتی تھی۔
ایشیا کپ میں بھارت نے اب تک 19 میچوں میں 10 میں کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان نے 6 میں فتح حاصل کی ہے۔ پاکستان کی بھارت کے خلاف آخری ایشیا کپ فتح 2022 میں آئی تھی۔