ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے کے ایک دلچسپ مقابلے میں پاکستان اور سری لنکا کے کھلاڑیوں کے درمیان نہ صرف کرکٹ کا مقابلہ ہوا بلکہ اسپورٹس مین اسپرٹ کی ایک خوبصورت مثال بھی سامنے آئی۔ ابو ظہبی میں ہونے والے اس میچ میں پاکستانی اسپنر ابرار احمد اور سری لنکن آل راؤنڈر وانیندو ہسارنگا کے درمیان دوستانہ انداز میں سیلیبریشن کا تبادلہ شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
میچ کے دوران ہسارنگا نے جب پاکستانی بلے باز فخر زمان کا شاندار کیچ لیا تو ابرار احمد کے مخصوص انداز میں جشن منایا۔ بعد ازاں انہوں نے صائم ایوب کو بولڈ کیا اور ایک بار پھر ابرار کی طرح سیلیبریٹ کیا، جو ایک دلچسپ منظر تھا۔
جواب میں، ابرار احمد نے 13ویں اوور کی پہلی گیند پر ہسارنگا کو کلین بولڈ کیا اور فوراً انہی کے انداز میں جشن منایا، جس پر سوشل میڈیا پر شائقین نے دونوں کھلاڑیوں کو خوب سراہا۔ کرکٹ فینز نے اس جوابی انداز کو خوش دلی سے لیا اور اسے کھیل کی خوبصورتی قرار دیا۔
صاحبزادہ فرحان اہم کارنامہ انجام دینے والے چوتھے پاکستانی کھلاڑی بن گئے
میچ کے اختتام پر دونوں کھلاڑیوں نے نہایت مثبت رویہ اختیار کرتے ہوئے ایک دوسرے سے گلے مل کر زبردست اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کیا، جسے دیکھ کر میدان میں موجود تماشائیوں سمیت سوشل میڈیا صارفین نے بھی خوب پسند کیا۔
یاد رہے کہ اس اہم میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 134 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے 18 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا اور یوں پاکستان نے سپر فور مرحلے میں قیمتی 2 پوائنٹس اپنے نام کیے۔