ایشیا کپ 2025 کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز کل 9 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں ہونے جا رہا ہے۔ شائقین کرکٹ ایونٹ میں سنسنی خیز مقابلوں کے منتظر ہیں، جہاں ٹاپ ایشیائی ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی۔
ٹورنامنٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا اور اس میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ "اے” میں پاکستان، بھارت، عمان اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں، جبکہ گروپ "بی” میں سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
بھارت اس ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرے گا، جبکہ دیگر ٹیمیں بھی بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔ ایونٹ کی دلچسپی اپنی جگہ، شائقین میں ایک سوال بار بار زیرِ بحث ہے کہ جیتنے والی ٹیم کو کتنی انعامی رقم دی جائے گی؟
فی الحال ایشین کرکٹ کونسل (ACC) کی جانب سے انعامی رقم کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، تاہم بھارتی میڈیا نے اس حوالے سے ممکنہ تفصیلات جاری کی ہیں۔
ایشیا کپ 2025: بھارتی کرکٹ ٹیم اسپانسر کے بغیر میدان میں اُترے گی
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایشیا کپ 2025 کی فاتح ٹیم کو تقریباً 3 لاکھ امریکی ڈالر (یعنی ساڑھے 8 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) کی انعامی رقم دی جائے گی، جبکہ رنر اپ ٹیم کو ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر (یعنی 4 کروڑ روپے سے زائد) دیے جائیں گے۔
اگرچہ یہ اعدادوشمار غیر سرکاری ہیں، لیکن ایشیا کپ جیسے بڑے ایونٹ میں یہ انعامی رقم حیران کن نہیں۔ شائقین کرکٹ اب نہ صرف جیت کے منتظر ہیں بلکہ اس انعامی رقم کو بھی ٹیموں کی کارکردگی سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں۔