نئی دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) نے ایشیا کپ 2025 کے لیے اپنی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ سوریا کمار یادو کو کپتان جبکہ نوجوان اوپننگ بلے باز شبمن گل کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
ایونٹ 9 ستمبر سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں شروع ہوگا، جبکہ روایتی حریف پاکستان کے خلاف پہلا میچ 14 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں کئی نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے، جبکہ بعض تجربہ کار کھلاڑیوں کو نظر انداز کیے جانے پر کرکٹ حلقوں میں بحث جاری ہے۔ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں میں ابھیشیک شرما، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، اکسر پٹیل، جیتیش شرما، جسپریت بمرا، ارشدیپ سنگھ، ورون چکرورتی، کلدیپ یادو، سنجو سیمسن، ہرشت رانا اور رنکو سنگھ شامل ہیں۔
بی سی سی آئی کے مطابق شریاس آئر اور یشسوی جیسوال جیسے اہم کھلاڑیوں کو ڈراپ کیا گیا ہے، جس پر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اجیت اگروال نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چند کھلاڑیوں کو نظرانداز کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا، مگر ٹیم کے توازن اور کھلاڑیوں کی فارم کو مدنظر رکھ کر انتخاب کیا گیا ہے۔
سینٹرل کانٹریکٹ کا اعلان: اے کیٹیگری ختم، بابر اعظم اور محمد رضوان کی بھی تنزلی
ایشیا کپ کے گروپ اے میں پاکستان، بھارت، یو اے ای اور عمان شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ توقع ہے کہ اگر پاکستان اور بھارت سپر فور مرحلے میں پہنچتے ہیں تو دونوں ٹیمیں 21 ستمبر کو دوبارہ آمنے سامنے ہوں گی۔
ایشیا کپ 2025 کا فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ شائقین کرکٹ ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان سنسنی خیز مقابلوں کے شدت سے منتظر ہیں۔