ایشز سیریز کے دوران مبینہ غیر ذمہ دارانہ رویہ، انگلش کھلاڑیوں کی شراب نوشی کی خبروں پر تحقیقات کا اعلان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایشز سیریز میں مسلسل شکستوں کے بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم ایک نئے تنازع کی زد میں آ گئی ہے، جہاں میچوں کے درمیان وقفے کے دوران کھلاڑیوں کی مبینہ حد سے زیادہ شراب نوشی کی رپورٹس سامنے آنے پر ٹیم مینجمنٹ نے تحقیقات کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر روب کی کا کہنا ہے کہ اگر ان الزامات میں صداقت پائی گئی تو یہ رویہ ہرگز قابلِ قبول نہیں ہوگا۔

latest urdu news

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ کے پانچویں روز انگلینڈ کو 82 رنز سے شکست دے کر ایشز سیریز 3-0 سے اپنے نام کر لی۔ اس فتح کے ساتھ ہی آسٹریلوی ٹیم نے سیریز میں ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی، جبکہ انگلینڈ کو اس سے قبل پرتھ اور برسبین میں بھی آٹھ، آٹھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ان مسلسل ناکامیوں کے بعد انگلش ٹیم نے دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کے درمیان آسٹریلیا کے ساحلی علاقے نوسا میں مختصر وقفہ کیا۔ اسی دوران برطانوی اور آسٹریلوی میڈیا میں ایسی رپورٹس گردش کرنے لگیں جن میں دعویٰ کیا گیا کہ کھلاڑی اس وقفے کے دوران کئی دن تک مسلسل شراب نوشی میں مصروف رہے۔ ان خبروں نے کرکٹ حلقوں میں خاصی بحث کو جنم دیا۔

اس معاملے پر بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں روب کی نے کہا کہ بعض میڈیا سرخیاں حقیقت سے بڑھا چڑھا کر پیش کی جا سکتی ہیں، تاہم اگر یہ بات درست ثابت ہوتی ہے کہ کھلاڑیوں نے کئی دنوں تک غیر ذمہ دارانہ انداز میں شراب نوشی کی تو یہ انتہائی تشویشناک بات ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کرکٹ میں ایسے کلچر کی کوئی گنجائش نہیں۔

روب کی نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کی چھٹیوں کو بیچلر پارٹی یا تفریحی دورے کے طور پر پیش کرنا مناسب نہیں۔ ان کے مطابق ضروری ہے کہ پہلے حقائق سامنے لائے جائیں تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ اصل میں کیا ہوا اور کس حد تک باتوں کو بڑھا چڑھا کر بیان کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ خود شراب نوشی کے کلچر کے حامی نہیں اور ایسی روایات سے اتفاق نہیں کرتے۔

واضح رہے کہ ایشز سیریز شروع ہونے سے قبل بھی روب کی نے انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو سختی سے ہدایت دی تھی کہ وہ کسی بھی غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل سے گریز کریں اور پیشہ ورانہ نظم و ضبط کو ہر صورت برقرار رکھیں۔ اس کے باوجود سامنے آنے والی حالیہ رپورٹس نے ٹیم کی ساکھ پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم کے ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے کہا ہے کہ وہ توقع رکھتے ہیں کہ ان کے کھلاڑی ایشز سیریز جیتنے کے جشن کے باوجود مکمل توجہ اور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی بالغ اور تجربہ کار ہیں اور جانتے ہیں کہ ٹیسٹ کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق خود کو کس طرح تیار رکھنا ہے۔ ان کے مطابق باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے کسی قسم کی غفلت کا امکان نہیں۔

ایشز سیریز کا چوتھا ٹیسٹ میچ جمعے کے روز میلبورن میں کھیلا جائے گا، جہاں انگلینڈ کے لیے عزت بچانے جبکہ آسٹریلیا کے لیے اپنی برتری کو مزید مضبوط کرنے کا موقع ہوگا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter