ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ پر تاحیات پابندی، سید حبیب شاہ کو 10 سال کے لیے معطل کر دیا گیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان (AFP) نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ پر تاحیات پابندی عائد کر دی ہے، جبکہ سید حبیب شاہ کو 10 سال کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ دونوں شخصیات پر یہ سزائیں بدانتظامی اور فیڈریشن کے آئین کی خلاف ورزی پر دی گئی ہیں۔

latest urdu news

فیڈریشن کے مطابق سلمان بٹ اب کسی بھی سطح پر ایتھلیٹکس کی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے غیر آئینی اور غیر قانونی انتخابات منعقد کروائے۔ یہی اقدام سید حبیب شاہ کی جانب سے بھی کیا گیا، جس پر انہیں 10 سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔

فیڈریشن نے 31 اگست کو ان انتخابات کو کالعدم قرار دے دیا تھا، جبکہ اس سے قبل 30 اگست کو ایک خط کے ذریعے پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کو قانونی طریقہ کار اختیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی تھی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سلمان بٹ خود اس آئین پر دستخط کرنے والوں میں شامل ہیں، جس کی خلاف ورزی پر انہیں سزا دی گئی۔ فیڈریشن نے ان الزامات کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی، جس نے دونوں افراد کو وضاحت کے لیے طلب کیا، لیکن دونوں کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ کمیٹی نے دستیاب ریکارڈ کی روشنی میں رپورٹ تیار کی، جس کی بنیاد پر یہ سزائیں دی گئیں۔

یاد رہے کہ سلمان اقبال بٹ نے ارشد ندیم کو ٹوکیو اولمپکس 2021 کے بعد کوچنگ دینا شروع کی، اور ان کے ساتھ پاکستان کو کئی تاریخی کامیابیاں ملیں، جن میں:

  • 2022 کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل
  • 2023 ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں سلور میڈل
  • پیرس 2024 اولمپکس میں گولڈ میڈل شامل ہیں۔

فیڈریشن کی جانب سے یہ فیصلہ ورلڈ ایتھلیٹکس، ایشین ایتھلیٹکس اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کو بھی باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔

یہ اقدام کھیلوں کے نظم و ضبط اور آئینی دائرہ کار کو برقرار رکھنے کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے، تاہم سلمان بٹ پر پابندی ارشد ندیم کے مستقبل پر کیا اثر ڈالے گی، یہ سوال ابھی تشویش کا باعث ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter