ٹوکیو میں جاری ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے موجود پاکستان کے معروف جیولن تھرو اتھلیٹ اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے شائقین سے دعا کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ چیمپئن شپ میں بھرپور تیاری کے ساتھ اترے ہیں اور چاہتے ہیں کہ قوم ان کی کامیابی کے لیے دعا کرے۔
ارشد ندیم نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اس وقت ٹوکیو میں موجود ہیں جہاں وہ کل اپنا کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلیں گے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ وہ عمدہ کارکردگی کے ذریعے فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ چیمپئن شپ ایک بڑا عالمی مقابلہ ہے، جس میں دنیا کے بہترین کھلاڑی شریک ہیں۔ اس چیلنج میں کامیابی کے لیے ان کے لیے قوم کی دعائیں اور سپورٹ بہت اہم ہیں۔
ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا فائنل 18 ستمبر کو ہوگا۔ اگر ارشد ندیم کوالیفائنگ راؤنڈ میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ پاکستان کی جانب سے ایک اور اعزاز کے لیے میدان میں اتریں گے۔ شائقین کو ان سے گولڈ میڈل کی اُمید ہے اور سوشل میڈیا پر بھی ان کے لیے نیک تمناؤں اور حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری ہے۔