کراچی / تھائی لینڈ: پاکستان کی خواتین باکسرز عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں، اور لیاری سے تعلق رکھنے والی عالیہ سومرو نے تھائی لینڈ میں شاندار کامیابی حاصل کر کے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔
بینکاک میں منعقدہ ٹی ایل باکسنگ پروموشن کے تحت ہونے والے عالمی مقابلے میں عالیہ سومرو نے تھائی باکسر سوتھیڈا گنایانوچ کو چوتھے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر کے فیصلہ کن کامیابی حاصل کی۔ یہ پروفیشنل فائٹ ورلڈ سائم اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، جس میں کل دس راؤنڈز مقرر تھے، تاہم عالیہ نے اپنی برق رفتاری اور مہارت سے مقابلہ قبل از وقت ختم کر دیا۔
لیاری کراچی سے تعلق رکھنے والی عالیہ سومرو نے نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشیا میں خواتین کی پروفیشنل باکسنگ میں ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ یہ ان کی پہلی بین الاقوامی فائٹ تھی، جس میں انہوں نے اپنی مہارت، فٹنس اور عزم سے مخالف کو زیر کرتے ہوئے باکسنگ رنگ میں فتح کا جھنڈا گاڑ دیا۔
عالیہ سومرو کی اس تاریخی جیت پر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا، جہاں ان کے اہل خانہ، اہلِ علاقہ، باکسنگ کے مداح اور سماجی کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔
ایئرپورٹ پر پھولوں کے ہار پہنائے گئے، "عالیہ سومرو زندہ باد” کے نعروں سے فضاء گونج اٹھی، اور وہ قومی پرچم اوڑھے، فتح کا بیلٹ تھامے خوشی سے سرشار نظر آئیں۔
عالیہ سومرو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “یہ جیت صرف میری نہیں، پورے پاکستان اور خاص طور پر لیاری کی بچیوں کے خوابوں کی جیت ہے۔”