بھارتی کرکٹر آکاش کمار چودھری نے رانجی ٹرافی کے دوران دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
میگھالیہ اور اروناچل پردیش کے درمیان میچ میں آکاش کمار نے صرف 8 گیندوں پر مسلسل 8 چھکے لگا کر عظیم کھلاڑیوں سر گیری سوبرز اور روی شاستری کے ایک اوور میں 6 چھکوں کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
25 سالہ آکاش کمار نے صرف 11 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کر کے فرسٹ کلاس کرکٹ کی تیز ترین ففٹی کا بھی نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔
میچ کے دوران میگھالیہ کی ٹیم 576 رنز پر 6 وکٹیں گنوا چکی تھی جب آکاش نمبر آٹھ پر بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے۔ ابتدائی دو گیندوں پر سنگلز لینے کے بعد انہوں نے اسپنر لیمار دابی کے ایک اوور میں لگاتار چھ چھکے جڑ دیے، جبکہ اگلے اوور میں ٹی این آر موہت کی ابتدائی دو گیندوں پر بھی چھکے لگا کر تاریخ رقم کر دی۔
اس سے قبل فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک اوور میں 6 چھکے لگانے کا کارنامہ صرف دو کھلاڑیوں، سر گیری سوبرز (1968) اور روی شاستری (1985)، نے انجام دیا تھا، تاہم آکاش کمار اب مسلسل 8 چھکے لگانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔
