لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹر احمد شہزاد نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر کھلاڑیوں پر عائد کیے جانے والے ممکنہ 50،50 لاکھ روپے جرمانے کو ناکافی قرار دے دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ جرمانے کی رقم بہت کم ہے اور اسے زیادہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ 50 لاکھ روپے تو وہ اپنی جیب سے ادا کر سکتے ہیں جبکہ قومی کھلاڑی کروڑوں روپے کماتے ہیں، اس لیے مؤثر احتساب کے لیے سخت فیصلوں کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب فاسٹ بولر محمد عامر نے بھی جرمانوں کو مسئلے کا حل قرار نہیں دیا۔ ان کے مطابق اصل تبدیلی اعلیٰ سطح کی مینجمنٹ میں آنی چاہیے اور نظام میں بہتر اور باصلاحیت افراد کو شامل کیا جانا چاہیے۔
ٹی20 ورلڈ کپ:قومی کھلاڑیوں کو فی کس 50 لاکھ روپے جرمانہ
محمد عامر کا کہنا تھا کہ صرف جرمانہ عائد کرنے سے کارکردگی بہتر نہیں ہوگی بلکہ جو کھلاڑی مسلسل پرفارم نہیں کر رہے انہیں ٹیم سے باہر کرنا چاہیے۔ جبکہ احمد شہزاد نے تجویز دی کہ رقم ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری اور نچلی سطح پر کھلاڑیوں کی ترقی پر خرچ کی جانی چاہیے۔
کرکٹ حلقوں میں دونوں کھلاڑیوں کے بیانات کو قومی ٹیم کی حالیہ کارکردگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
