افغان کرکٹ ٹیم کے کوچ جوناتھن ٹروٹ نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں شکست پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جیت نہ پانا افسوسناک ہے، تاہم پاکستان ٹیم نے بہتر کارکردگی دکھائی جس پر انہیں کریڈٹ جاتا ہے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے افغان کوچ نے کہا کہ "پاکستان نے میچ میں شاندار بولنگ کی اور فائنل میں ہم سے بہتر کھیل پیش کیا، اسی لیے وہ جیت کے حقدار تھے۔”
انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ سے پہلے افغان ٹیم کو اپنی کارکردگی میں بہتری لانا ہوگی، اور امید ظاہر کی کہ ٹیم اگلے مرحلے میں، خصوصاً ابوظبی میں بہتر کارکردگی پیش کرے گی۔
ریویو سسٹم سے متعلق سوال پر جوناتھن ٹروٹ نے کہا کہ "پورے ٹورنامنٹ میں ڈی آر ایس (DRS) موجود نہیں تھا، لیکن ہم اس پر شکایت نہیں کرنا چاہتے۔ ہم اپنی کارکردگی پر توجہ دے رہے ہیں۔”
ایشیا کپ کے لیے مکمل تیار ہیں، اُمید ہے اچھے نتائج دیں گے: کپتان سلمان علی آغا
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں وہی ٹیمیں جیتیں جنہوں نے پہلے بیٹنگ کی، اور مجموعی طور پر پچز اسپن بولنگ کے لیے سازگار رہیں، جس کا دونوں ٹیموں نے فائدہ اٹھایا۔
افغان کوچ نے کھلاڑیوں کے حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "ہماری ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، اور ہر میچ کے ساتھ سیکھ رہی ہے۔”