پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ یوٹیوب عید اسپیشل شو میں کھلاڑیوں کو نہ صرف مہمان بلکہ میزبان کی حیثیت سے بھی پیش کیا گیا، جس پر صحافتی اور شائقینِ کرکٹ کے حلقوں میں مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔
عید کے موقع پر جاری کیے گئے اس ویڈیو شو میں ٹی20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا، صائم ایوب، فہیم اشرف اور صاحبزادہ فرحان نے بطور مہمان شرکت کی، جب کہ شو کی میزبانی اوپننگ بیٹر محمد حارث نے کی، پی سی بی نے اس ویڈیو کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کیا، جس پر تنقید اور بحث کا سلسلہ جاری ہے۔
شائقین خاص طور پر بابراعظم اور محمد رضوان کے مداح سوشل میڈیا پر سوال کر رہے ہیں کہ اس خصوصی شو میں پاکستان کے اسٹار کھلاڑیوں کو کیوں نظر انداز کیا گیا، جبکہ صحافتی حلقوں کی جانب سے اس نئی روایت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی اصل ذمہ داری میدان میں کارکردگی دکھانا ہے، نہ کہ میڈیا پر شوز کی میزبانی کرنا، ان کے مطابق ایسی سرگرمیاں کھلاڑیوں کی پیشہ ورانہ توجہ کو متاثر کر سکتی ہیں۔
بورڈ کی طرف سے اس حوالے سے کوئی وضاحت یا جواب تاحال سامنے نہیں آیا۔
یاد رہے کہ پی سی بی ماضی میں بھی کھلاڑیوں کو سوشل میڈیا سرگرمیوں میں شامل کرتا رہا ہے، تاہم اب انہیں باقاعدہ ہوسٹ کے طور پر پیش کیے جانے پر سوالات کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔