پانچ بار کے عالمی چیمپئن جاپان 2025 اور ریاض کلیش مقابلوں میں شرکت سے محروم
لاہور: پاکستان کو عالمی سطح پر ای اسپورٹس میں فخر دلانے والے ٹیکن چیمپئن ارسلان ایش ویزہ مسائل کی وجہ سے جاپان 2025 اور ریاض کلیش جیسے اہم بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں شرکت سے محروم ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ارسلان ایش نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ X (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا:
"میں نے ہر ممکن کوشش کی، لیکن ویزہ مسائل کے سبب اب ان ایونٹس میں شریک نہیں ہو سکتا۔ پاسپورٹ کی پابندیوں کے ساتھ جینا سیکھ لیا ہے۔”
ارسلان ایش، جو کہ پانچ بار عالمی ٹیکن چیمپئن رہ چکے ہیں، ماضی میں متعدد بار پاکستان کا نام عالمی ای اسپورٹس اسٹیج پر روشن کر چکے ہیں۔ انہوں نے اسپورٹس میں کرکٹ کے یکطرفہ غلبے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا:
"کرکٹ ہماری قومی جنون ہے، لیکن میں ایک ایسے مستقبل کا خواب دیکھتا ہوں جہاں ای اسپورٹس سمیت دیگر کھیلوں کو بھی یکساں اہمیت دی جائے۔”
ای اسپورٹس ورلڈ کپ 2025:
ای اسپورٹس ورلڈ کپ کا انعقاد 7 جولائی سے 4 اگست تک سعودی عرب میں ہوگا، جس میں دنیا بھر سے 2,000 سے زائد کھلاڑی، 200 سے زائد کلبز اور 25 گیمز شامل ہوں گے۔
مقابلے کی مجموعی انعامی رقم 54.3 ملین پاؤنڈ یعنی 20 ارب 21 کروڑ 78 لاکھ روپے سے زائد رکھی گئی ہے۔