پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلا دیش اور ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ وائٹ بال سیریز کے لیے ٹیموں کی مشاورت مکمل کر لی ہے، تاہم حتمی اعلان ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے دونوں سیریز کے ون ڈے میچز کو ٹی ٹوئنٹی میچز میں تبدیل کرنے کی تجویز دی ہے، جس پر ویسٹ انڈیز سے جواب کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اگر میزبان بورڈز نے اس تبدیلی پر رضامندی ظاہر کی تو صرف ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔ ٹیم میں زیادہ تبدیلیوں کا امکان نہیں، تاہم چند نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیے جانے پر غور ہو رہا ہے۔ سفیان مقیم کو اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا قوی امکان ہے، جبکہ سینئر کھلاڑی بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کی واپسی ممکن نہیں ہے۔
اس تناظر میں محمد رضوان کی ٹیم میں واپسی کی راہ مزید مشکل ہوتی جا رہی ہے، خاص طور پر اس وقت جب حارث جیسے کھلاڑی ابھر کر سامنے آئے ہیں۔ تاہم، پی سی بی ذرائع کے مطابق سابق کرکٹرز کی طرز پر رضوان جیسے کھلاڑیوں کے لیے بھی کم بیک کے دروازے کھلے رکھے گئے ہیں۔
ماضی میں کئی نامور کھلاڑی مشکلات کے باوجود شاندار انداز میں واپس آ چکے ہیں، اور پی سی بی کو امید ہے کہ رضوان بھی اس روایت کو برقرار رکھیں گے۔
پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کو یہ واضح پیغام دیا گیا ہے کہ دروازے کسی پر بند نہیں کیے گئے۔ کھلاڑیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جہاں بھی کھیل رہے ہوں، اپنی کارکردگی سے واپسی کا کیس مضبوط بنائیں۔ ساتھ ہی نوجوان کرکٹرز کے ساتھ جدید کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق ٹیم کی ازسرنو تشکیل کا عمل جاری ہے، جس میں وقت کے ساتھ مزید تجربات کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ حالیہ عرصے میں پی سی بی نے نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لانے کی پالیسی اپنائی ہے، اور اس تبدیلی کا اثر ٹیم کے کمبینیشن اور سینئر کھلاڑیوں کے مستقبل پر بھی پڑ رہا ہے۔