جمعہ, 25 اپریل , 2025

اثر و رسوخ ہوتا تو آج چیئرمین پی سی بی ہوتا، شاہد خان آفریدی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان کے سابق کپتان اور مشہور آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا کہ چہرے بدلنے سے نظام نہیں بدلے گا،اگر ان کا اثرو رسوخ ہوتا تو آج وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ہوتے۔

گلگت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے سابق کپتان اور معروف آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے پاکستان کرکٹ کے نظام پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف چہرے بدلنے سے کچھ نہیں ہوتا، جب تک نظام میں بنیادی تبدیلی نہ آئے، بہتری ممکن نہیں۔

latest urdu news

آفریدی نے واضح الفاظ میں کہا، "اگر میرے پاس اثر و رسوخ ہوتا تو آج میں پی سی بی کا چیئرمین ہوتا۔” ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی میں اکثر فیصلے سیاسی بنیادوں پر ہوتے ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کا اسٹرکچر مضبوط ہونے کے بجائے کمزور ہو رہا ہے۔

انہوں نے بیوروکریٹس کو ڈومیسٹک اسٹرکچر سونپنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا، "جب فیصلے ایسے لوگوں کے ہاتھ میں ہوں جنہیں کرکٹ کی سمجھ نہ ہو، تو نظام کیسے چلے گا؟”

شاہد آفریدی نے موجودہ قومی ٹیم کی کارکردگی کا موازنہ اپنے دور سے کرتے ہوئے کہا کہ اُس وقت ٹیم میں کئی میچ ونرز موجود تھے، جبکہ اب ہمیں نچلی سطح پر ایسے لوگ چاہیے جو نوجوان کھلاڑیوں کو صحیح تربیت دے سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انڈر 16، 17 اور 19 سطح پر کھلاڑیوں کو سکھانے کی اشد ضرورت ہے، تاکہ وہ مستقبل میں ملک کی نمائندگی کر سکیں۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے ٹیلنٹ کو سراہتے ہوئے کہا، "اگر یہاں ٹیلنٹ ہوا تو اسے ضائع نہیں ہونے دیں گے۔”

بات کو سمیٹتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ اگر وہ کبھی پی سی بی میں آئے تو صرف پاکستان کی خدمت کے لیے آئیں گے۔ "مجھے کوئی کنٹریکٹ نہیں چاہیے، بس ملک کی کرکٹ کو بہتر دیکھنا چاہتا ہوں۔”

شیئر کریں:
frontpage hit counter