ہر بچے کو پولیو سے بچانا ہمارا عزم ہے ، وزیراعظم

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد ، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو پولیو فری ملک بنانے اور ہر بچے کو اس موذی مرض سے بچانے کے لیے حکومت پرعزم ہے۔ وہ انسداد پولیو کی ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ، جس میں انسداد پولیو اوور سائیٹ بورڈ کے صدر ڈاکٹر کرسٹوفر ایلیاس، بل گیٹس فاؤنڈیشن کے نمائندگان، وفاقی و صوبائی حکام اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو کے لیے قومی کوششوں کو مزید تیز کیا جائے۔ تمام تر چیلنجز کے باوجود وفاقی و صوبائی حکومتیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور بین الاقوامی شراکت دار مشترکہ جدوجہد سے جلد پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر بچے تک ویکسین کی رسائی اور متعدد خوراکوں کی یقینی فراہمی ناگزیر ہے تاکہ کوئی بچہ اس مہلک مرض سے متاثر نہ ہو۔

latest urdu news

شہباز شریف نے انسداد پولیو کے لیے سرگرم تمام فرنٹ لائن ورکرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انسداد پولیو کی کوششوں کو پوری سنجیدگی سے جاری رکھا جائے گا، اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو مزید سرعت اور یکجہتی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے اجلاس کے دوران سعودی ولی عہد و وزیر اعظم محمد بن سلمان کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے پاکستان کی انسداد پولیو مہم میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔ اجلاس میں شریک حکام نے وزیراعظم کو بتایا کہ بل گیٹس فاؤنڈیشن اور دیگر بین الاقوامی اداروں نے انسداد پولیو مہم میں کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ خیبر پختونخوا کے جنوبی علاقوں میں مخصوص مہمات کے ذریعے وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے حکمت عملی تشکیل دی جا رہی ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال، وزیر مملکت برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹریز، اسلام آباد کے چیف کمشنر اور انسداد پولیو کے نیشنل کوآرڈینیٹر سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

یاد رہے کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو وائرس تاحال موجود ہے، تاہم حالیہ برسوں میں ویکسینیشن مہمات اور بین الاقوامی تعاون کے باعث نمایاں بہتری آئی ہے، اور حکومت اس کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter