پانی روکنے پرردعمل ایسا ہوگا جو نسلوں تک یاد رکھا جائے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

راولپنڈی، پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے واضح کیا ہے کہ بھارت کو پاکستانی پانی روکنے کی جرات نہیں کرنی چاہیے، اگر ایسا قدم اٹھایا گیا تو پاکستان کا ردعمل ایسا ہوگا جو نسلوں تک یاد رکھا جائے گا۔

عرب میڈیا کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی حکومت بھارت کو پانی سے متعلق اپنے مؤقف سے آگاہ کر چکی ہے، اب فوجی سطح پر مزید وضاحت کی ضرورت نہیں، انہوں نے کہا کہ 24 کروڑ پاکستانیوں کا پانی روکنے کا سوچنا بھی ایک غیر معقول عمل ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اُمید ہے کہ بھارت ایسا کوئی اقدام نہیں کرے گا، لیکن اگر اس نے جرات کی تو دنیا دیکھے گی کہ پاکستان کس طرح جواب دیتا ہے، بھارت کے ایسے کسی بھی عمل کے نتائج برسوں اور دہائیوں تک محسوس کیے جائیں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج ہمیشہ اپنے وعدوں پر قائم رہتی ہے اور سیاسی حکومت کی پالیسیوں کی مکمل پیروی کرتی ہے،جنگ بندی کے معاہدے کو برقرار رکھا جائے گا، تاہم اگر اس کی خلاف ورزی کی گئی تو پاکستانی ردعمل فوری اور مؤثر ہوگا ، وہ بھی صرف انہی مقامات پر جہاں سے خلاف ورزی ہوئی ہو۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان پاک فوج نے بھارت کے چھٹے گرنے والے طیارے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ میراج 2000 تھا، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے صرف بھارتی طیاروں کو نشانہ بنایا، مزید جوابی کارروائی کی گنجائش موجود تھی لیکن پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے بھارت کی کشمیر پالیسی کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے اسے اندرونی معاملہ بنانے کی کوششیں بری طرح ناکام ہو چکی ہیں،جب تک دونوں ممالک سنجیدہ مذاکرات نہیں کرتے، کشیدگی میں اضافے کا خطرہ برقرار رہے گا۔

 

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter