اسلام آباد، سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پارلیمنٹ کے اندر سے پی ٹی آئی ارکان کی گرفتاریوں پر ایکشن لیتے ہوئے سارجنٹ ایٹ آرمز سمیت 4 سکیورٹی اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی جانب سے غیر ذمہ داری اور سکیورٹی میں ناکامی پر سارجنٹ ایٹ آرمز اشفاق اشرف کو 4 ماہ کیلئے معطل کیا گیا جبکہ اس تناظر میں دیگر 4 سکیورٹی اہلکاروں کو بھی معطل کیا گیا ہے۔
معطل ہونے والوں میں سکیورٹی اسسٹنٹ وقاص احمد اور 3 جونیئر اسسٹنٹ سکیورٹی عبیداللہ، وحید صفدر اور محمد ہارون شامل ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے کر واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا، اس معاملے میں ایڈیشنل سیکرٹری کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں کا نوٹس لیتے ہوئے تمام گرفتار ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے۔
ایاز صادق کا یہ کہنا تھا کہ پارلیمنٹ ہاؤس سے ہونے والی گرفتاریوں پر ایکشن ہوگا اور اس پر ہر صورت اسٹینڈ لینا پڑے گا، نہ صرف سارے گیٹس کی بلکہ ہر جگہ کی ویڈیوز مانگی ہیں تاکہ جو بندہ اسکا ذمہ دار ہے اس پر ذمہ داری ڈالیں۔
یادرہے کہ 9 ستمبر کو اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر، شیر افضل مروت اور شعیب شاہین کو حراست میں لے لیا گیا تھا جبکہ 9 اور 10 ستمبر کی رات گئے اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر سے تحریک انصاف کے رہنماؤں رکن قومی اسمبلی زین قریشی، شیخ وقاص اکرم، ایم این اے نسیم الرحمان اور شاہ احمد خٹک کو حراست میں لے لیا گیا تھا ۔