کراچی،پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر توانائی ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اگر مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے اجلاس میں نہروں کے مسئلے کا حل نہ نکلا تو پیپلز پارٹی حکومت سے علیحدگی اختیار کر لے گی۔
پیپلز پارٹی کا ایک وفد، جس کی قیادت ناصر حسین شاہ کر رہے تھے، ایم کیو ایم پاکستان کے بہادرآباد مرکز پہنچا جہاں ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، امین الحق اور دیگر سے ملاقات ہوئی، وفد میں وقار مہدی، سعید غنی اور دیگر رہنما شامل تھے۔
ملاقات میں پیپلز پارٹی کے وفد نے سینیٹ کی خالی نشست کے انتخاب سے ایم کیو ایم کو دستبردار ہونے کی درخواست کی، جس پر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مرکزی کمیٹی سے مشاورت کے بعد فیصلہ کر کے آگاہ کریں گے۔ اس دوران بلدیاتی نظام کے مجوزہ بل پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
میڈیا سے گفتگو میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ نہروں کے معاملے پر سندھ کے تمام حلقے متحد ہیں اور ایم کیو ایم نے بھی قومی اور صوبائی اسمبلی میں اس معاملے پر پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا ہے، انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف، صدر آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کے درمیان ہونے والا معاہدہ آخری فیصلہ ہوگا۔
ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ اگر پیپلز پارٹی حکومت سے علیحدہ ہوئی تو حکومت کے لیے چلنا مشکل ہو جائے گا، اس لیے توقع ہے کہ حکومت کینال کے معاملے پر اپنا وعدہ ضرور پورا کرے گی۔