اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کا کہنا تھا کہ یہ حکومت لندن پلان کے تحت چل رہی ہے۔
سرگودھا، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا کہ یہ حکومت لندن پلان کے تحت چل رہی ہے، اپنی کرپشن چھپانے کے لئے آئین پاکستان میں ترامیم چاہتے ہیں ایسا نہیں ہونے دینگے۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران عمر ایوب خان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے پلیٹلیٹس تیزی سے گر رہے وہ جلد لندن بھاگ جائیں گے، ہم پر بنائے گئے تمام کیسز بوگس ہیں، ہمارے لوگوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ کل کے احتجاج میں ہمارے لوگوں پر تشدد کیا گیا اور فائرنگ کی گئی، سابق وزیراعظم کے حکم پر وفاقی دارالحکومت میں 4 اکتوبر کو ہر حال میں احتجاج ہوگا، یہ ہمارا آئینی حق ہے۔
احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کچے کے ڈاکوؤں کو پکڑ نہیں سکتی، آئی جی کا تمام فوکس تحریک انصاف کے کارکنوں کی طرف ہے، حکمرانوں نے ظلم و جبر کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔
اس سے پہلے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور احمد خان بھچر سرگودھا کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت کی جانب سے کیس کی مزید سماعت 11 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔