پیر, 16 جون , 2025

ریکوڈک منصوبے میں عالمی سرمایہ کاری کی نئی لہر، آئی ایف سی کا 400 ملین ڈالر اضافی سرمایہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

اسلام آباد،پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اہم پیشرفت میں انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) نے بلوچستان میں واقع ریکوڈک منصوبے میں مزید 400 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد اس منصوبے میں آئی ایف سی کی مجموعی سرمایہ کاری 700 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

ریکوڈک منصوبہ پاکستان کا سب سے بڑا تانبے اور سونے کا ذخیرہ ہے جس پر مجموعی طور پر 6.6 بلین ڈالر کی لاگت آئے گی۔ منصوبے سے آئندہ 37 برسوں کے دوران 74 ارب ڈالر تک آمدن کی توقع کی جا رہی ہے۔ یہ منصوبہ نہ صرف قومی معیشت میں نئی روح پھونکے گا بلکہ بلوچستان کے عوام کے لیے ترقی، روزگار اور بنیادی سہولیات کے نئے دروازے کھولے گا۔

آئی ایف سی کے سربراہ مختار ڈیوپ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں توانائی، قدرتی وسائل اور انفراسٹرکچر کے شعبے ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں ان شعبوں میں سرمایہ کاری کو دوگنا کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریکوڈک منصوبے سے 2028 میں پیداوار شروع ہوگی، جس کے بعد نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کو معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔ مختار ڈیوپ کے مطابق یہ منصوبہ پاکستان کو عالمی معدنیاتی نقشے پر نمایاں مقام دلانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

ریکوڈک منصوبے میں دیگر عالمی مالیاتی اداروں بشمول یو ایس ایگزِم، ایشیائی ترقیاتی بینک، کینیڈا اور جاپان کے مالیاتی اداروں کی شمولیت بھی متوقع ہے، جو اس منصوبے کو ایک بین الاقوامی سرمایہ کاری ماڈل بنا سکتی ہے۔

یاد رہے کہ ریکوڈک منصوبہ کئی دہائیوں سے قانونی اور مالیاتی رکاوٹوں میں الجھا ہوا تھا، مگر حالیہ برسوں میں حکومت پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات اور بین الاقوامی شراکت داریوں نے اسے عملی جامہ پہنانا شروع کر دیا ہے، اب یہ منصوبہ پاکستان کی معیشت کے لیے گیم چینجر کی حیثیت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter