اسلام آباد، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں مارے جانیوالے خوارج کو بیرونی سرپرستوں نے پاکستان میں دہشت گردی کے لیے بھیجا تھا، جو بھی ملک کے خلاف سازش کرے گا، اسے ہرگز معافی نہیں ملے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو بروقت ناکام بنایا گیا، سکیورٹی فورسز کو حملے کی پیشگی اطلاع موجود تھی اور شاندار کارروائی پر تمام فورسز مبارکباد کی مستحق ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری مہم میں ایک کارروائی میں سب سے زیادہ خوارج مارے گئے ہیں اور یہ ایک بڑی کامیابی ہے، کوئی بھی پاکستان کے خلاف سازش کرے گا تو سخت انجام بھگتے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ فورسز نے تین اطراف سے گھیر کر دہشت گردوں پر حملہ کیا اور تمام 54 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا، اگر آئندہ بھی کسی نے دراندازی کی کوشش کی تو اسی طرح سخت جواب دیا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ بڑی تعداد میں دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ظاہر کرتی ہے کہ کوئی بڑی دہشتگرد کارروائی کی منصوبہ بندی تھی، مگر ہمارے جوانوں نے انہیں ناکام بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلگام واقعے پر بھارت کی اپنی انکوائری پر ہمیں اعتبار نہیں، شفاف تحقیقات کے لیے غیرجانبدار افراد پر مشتمل انکوائری ہونی چاہیے، بھارت کے منفی ہتھکنڈوں سے دنیا کو آگاہ کر رہے ہیں اور عالمی برادری تک شواہد پہنچا رہے ہیں۔